48

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کو چیلنج ۔۔ عدالت جا کر جس جس سے خطرہ ہے ثبوت دو، ورنہ اپنا منہ بند کرو

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو چیلنج کیا ہے کہ وہ عدالت جا کر جس جس سے خطرہ ہے ثبوت دیں ورنہ اپنا منہ بند رکھیں۔ جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن ایجنٹ بہروپیا ہے جو حالات کے مطابق سکرپٹ اور حلیہ بنا لیتا ہے، گرفتاری کے ڈر سے وہ چارپائی کے نیچے اور ضمانت خارج ہونے کے ڈر سے وہیل چیئر کا ڈرامہ رچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ کے پائوں پر دبائو نہیں، ان کے دماغ پر سازشی دبائوہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہیل چیئر پر بیٹھ کر الزام لگانے کی بجائے وہ عدالت جا کر ثبوت پیش کریں کہ ان کی جان کو کس کس سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خطرہ اب صرف فارن فنڈنگ، توشہ خانہ، ٹیریان کیس سے ہے اس لئے گولی، پلستر، ڈبے، وہیل چیئر اور الیکشن کا بہانا بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب بھی عدالت بلاتی ہے تو وہ گولی، پلستر، معذوری، بالٹی ڈبہ کا بہانہ بناتے ہیں اور اب وہیل چیئر کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے اپنی حکومت ہٹانے کا ملبہ امریکا پر ڈالا، سائفر کا ڈرٹی کھیل کھیلا، پھر امریکا سے معافی مانگ کر جنرل باجوہ، پھر آصف علی زرداری اور پھر محسن نقوی پر ملبہ ڈال دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سال کی ناکامیوں اور اسمبلیاں توڑنے کا ملبہ جنرل باجوہ پر ڈالا، شہدا، اداروں اور ان کی قیادت کے خلاف اندرون و بیرون ملک غلیظ مہم چلانے والا پھر الزام تراشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو گھروں سے نکالنے سے پہلے خود تو گھر سے باہر نکلیں۔ پہلے کالی بالٹی سے منہ تو باہر نکالنے کا اعلان کریں، پھر قوم کو باہر نکالنے کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی تصویر پر جوتے مارنے کے لئے بھی باہر نکلنے کی کال عمران خان نے دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں