41

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف: سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے ، آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے انوار الحق کو آئینی اور جمہوری عمل کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی ۔وزیرِاعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا ، 5 اگست 2019 ء بھارت کا غیرقانونی اقدام انسانی حقوق پر کاری ضرب ہے ، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے ، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی ۔وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔وفد میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کے وزراء کرنل (ر) وقار نور، فیصل ممتاز راٹھور ، ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر شامل تھے۔ملاقات میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر ،سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی (آزاد جموں و کشمیر) چوہدری یٰسین موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، مشیر وزیراعظم برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں