63

ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا،کمیٹی جامع تحقیقات کے بعد رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی،نوٹیفکیشن

اسلام آباد : سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی تحریک انصاف کی ٹکٹوں سے متعلق مبینہ آڈیو کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے محمد اسلم بھوتانی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا جبکہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔کمیٹی میں شاہدہ اختر علی،محمد ابوبکر،چوہدری برجیس طاہر اور شیخ روحیل اصغر سمیت دیگر شامل ہیں۔ نوٹیفیکشن کے مطابق کمیٹی تحقیقات میں کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد لے سکی گی،جامع تحقیقات کے بعد رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 137 ابو زر چدھڑ کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔لیک آڈیو میں تحریک انصاف کی ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔ ابو زر چدھڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں جس پر نجم ثاقب نے کہا کہ مجھے اطلاع مل گئی ہے،اب بتائیں کیا کرنا ہے؟ ابو زر چدھڑ نے کہا کہ ابھی ٹکٹ چھپوا رہے ہیں ناں،یہ چھاپ دے اس میں دیر نہ کریں وقت بہت تھوڑا ہے۔ نجم ثاقب نے جواب دیا کہ بس بابا سے ملاقات کیلئے آ جانا،بس اور کچھ نہیں۔ابو زر چدھڑ نے کہا کہ ہاں ظاہر ہے کیسی بات کر رہے ہو۔ نجم ثاقب کا کہنا تھا کہ وہ گیارہ بجے تک دفتر آ جائیں گے،ان سے گلے ملنے آ جانا،انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ ابو زر چدھڑ نے کہا کہ اچھا میں سوچ رہا تھا کہ پہلے انکل کے پاس آؤں یا شام کو ٹکٹ جمع کروا کر آؤں جس پر نجم ثاقب نے جواب دیا کہ وہ مرضی ہے تمہاری لیکن آج کے دن میں بابا سے ملاقات ضرور کر لینا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں