76

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، ملیر میں ژالہ باری، موسم خوشگوار ہوگیا

کراچی : کے مختلف علاقوں میں کہیں بونداباندی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ ملیر میں ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ کراچی میں اتوار کی دوپہر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کی شدت میں کمی کے ساتھ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بھی آگئی، شہر میں ہر طرف بادلوں کا راج ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سہراب گوٹھ، گلشن اقبال، اسٹیڈیم روڈ، گلستان جوہر، بحریہ ٹاوُن، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، ملیر سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں شام تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیش گوئی کردی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بارشوں کے پیش نظر بلدیاتی اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، واٹر بورڈ عملہ اور ریسکیو 1122 مکمل طور پر فعال رہیں۔سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 اور بلدیاتی اداروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں کی رپورٹ دیں، کسی جگہ پانی زیادہ دیر کھڑا نہیں ہونا چاہئے۔ چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلع انتظامیہ انڈر پاسز سے پانی کی نکاس کو یقینی بنائیں، تمام اہم شاہراہوں پر ڈی واٹرنگ پمپ لگائے جائیں، کسی بھی ممکنہ صورتحال کے دوران مناسب انتظامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں