اسلام آباد: سوڈان سے 149 پاکستانیوں کا پہلا قافلہ بحفاظت کراچی پہنچ گیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سوڈان سے 149 پاکستانی بحفاظت کراچی پہنچے ۔بیان میں کہا گیا کہ سوڈان سے ہر پاکستانی کا محفوظ انخلا اور انہیں بحفاظت گھر پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔دوسری جانب، ترجمان پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کا ایئر بس اور سی-130 طیارے نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو جمعہ کی علی الصبح جدہ سے لے کر پاکستان پہنچا۔بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف، پاک فضائیہ نے پی اے ایف ٹرانسپورٹ فلیٹ کو ہدایت کی کہ تنازع زدہ سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو تیزی سے نکالیں۔کہا گیا کہ اس حوالے سے پی اے ایف ایئر بس 149 مسافروں کو لے کر جدہ سے بحفاظت کراچی پہنچ گیا جبکہ پی اے ایف کا سی-130 طیارہ 110 پاکستانیوں کو لے کر شام کو پہنچنے کا بتایاگیا۔پاک فضائیہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے وزارت خارجہ اور سوڈان اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔سوڈان میں تیزی سے بگڑتی صورتحال کے پیش نظر بروقت ریسکیو کرنے پر پاکستان پہنچنے والے افراد کے اہل خانہ نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور ایئر فورس کی کوششوں کو سراہا۔پی اے ایف کے ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ مصیبت میں گھرے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو وطن واپس بھیجنا جاری رکھے گی۔
59