اسلام آباد: ہائیکورٹ نے عید کی چھٹیوں میں عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عید کے دوران گرفتاری روکنے اور کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ہمیں خدشہ ہے عید کی پانچ چھٹیوں میں پھر یہ کوئی آپریشن کریں گے،سراج الحق زمان پارک آئے اور مذاکرات کی اچھی کاوش ہوئی لیکن اگلے دن پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو گرفتار کر لیا گیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اِس واقعے سے ظاہر ہے بیڈ ٹیسٹ پیدا ہوا۔مقدمات کی تفصیلات تو طلب کر سکتا ہوں،کوئی خالی آرڈر کیسے کروں؟ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست عید کے بعد تک زیر التوا ہی رکھنے کی استدعا منظور کر لی اور انہیں عید کی چھٹیوں میں ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے وفاق اور پولیس سے 27 اپریل تک عمران خان کیخلاف کیسز کی تفصیلات طلب کر لیں اور عمران خان کی درخواست 27 اپریل کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کی، رجسٹرار آفس اسلام آباد نے کاز لسٹ جاری کی۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں عمران خان کو گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،عمران خان چند افراد کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں،انہیں گرفتار کرنا ہوتا تو بہت پہلے ایسا کر چکے ہوتے۔
74