57

جماعت اسلامی آنکھیں کھولے، حکومتی آئین دشمن رویے کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں شہبازشریف کی بدنیتی اور سفاکی پوری قوم پر آشکار ہو چکی ہے، یہ وہی شہبازشریف ہیں، جس نے واجپائی کی خوشنودی کیلئے قاضی حسین پر پولیس حملہ کروایا تھا۔ صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی

اہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آنکھیں کھولے، حکومتی آئین دشمن رویے کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں، شہبازشریف کی بدنیتی اور سفاکی پوری قوم پر آشکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی سے بہتر کوئی نہیں جانتا کہ نواز شریف اور شہباز شریف قابل اعتماد نہیں۔
یہ وہی شہبازشریف ہیں، جنھوں نے واجپائی کی خوشنودی کیلئے قاضی حسین احمد پر پولیس حملہ کروا دیا تھا اور لٹن روڈ پر جماعت کے عمر رسیدہ کارکنوں پر بدترین تشدد کروایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی بدنیتی اور سفاکی پوری قوم پر آشکار ہو چکی ہے۔ جماعت اسلامی بھی اپنی آنکھیں کھولے اور حکومت کے آئین دشمن رویے اور اس کے خطرناک مضمرات کو سمجھے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تحصیل میدان دیرلوئر میں افطار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے مسائل سپریم کورٹ حل کر سکتی ہے نہ اسٹیبلشمنٹ دونوں اداروں کو ان معاملات میں غیر جانبدار رہنا چاہیے، سپریم کورٹ کے ججز خود ایک پیج پر نہیں ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ ملک میں ججز اور الیکشن کمیشن کے عہدیدار بھی سیاسی ہو گئے ہیں۔ سپریم کورٹ سیاست دانوں کو چانس دے کہ وہ اپنے مسائل خود حل کر لیں۔
معاشرہ میں زہریلی پولرائزیشن ہے اور فاصلے بڑھ رہے ہیں،تمام اداروں کی کرپشن اور سیاسی لڑائی سے ملک اس نہج پر پہنچ گیا۔ جماعت اسلامی ایک ہی روز انتخابات کے حق میں ہے اور ہمارا یہ بھی یقین ہے کہ عوام ہی سے فیصلہ لینے سے مسائل حل ہوں گے، پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی بھی قربانی دے، قومی اور دو صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرے اور ذاتی کی بجائے قومی مفادات کو مدنظر رکھے۔ حکمران پارٹیاں اور پی ٹی آئی اگر قومی انتخابات پر اتفاق رائے پیدا نہیں کرتیں اور ٹکراؤ پر بضد رہیں تو جماعت اسلامی عوام ہی کی طرف جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں