55

سعودی عرب سے پاکستان کو قرض ملنے کی تصدیق کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 17 پیسے سستا ہونے کے بعد 283 روپے 25 پیسے کا ہو گیا

کراچی :سعودی عرب سے پاکستان کو قرض ملنے کی تصدیق کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایم ایف قرض پروگرام کی بحالی کے امکانات سے جمعرات کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں امید کی کرن پیدا ہوئی اور روپیہ ایک بار پھر استحکام کی جانب گامزن ہوا۔آج انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 17 پیسے سستا ہو گیا۔انٹربینک میں ڈالر 283 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔گذشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 3 روپے 3 پیسے سستا ہو ا تھا۔ڈالر انٹربینک میں 284 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر تا رہا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے سستا ہونے کے بعد 294 روپے کا ہو گیا تھا۔رواں ہفتے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ کا سلسلہ جاری تھا۔دوسری جانب زرمبادلہ کے ذخائر 36 ملین ڈالر کمی کے بعد 9.75 ارب ڈالر ہوگئے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 31 مارچ 2023 کو سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.20ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 5.55ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 36ملین ڈالر کی کمی دیکھنے میں آئی۔ بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر میں کمی آئی۔یہاں یہ واضح رہےکہ پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی سمیت 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے قیام کے بعد سے گزشتہ ایک سال ملکی معیشت کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔صرف ایک سال کے دوران مہنگائی نے عوام کو روند ڈالا، افراط زر میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ملکی خزانہ تقریباً خالی ہو گیا۔ ایک سال کے دوران ڈالر 102 روپے سے زائد مہنگا ہو چکا، سرکاری زرمبادلہ ذخائر 16 ارب ڈالرز سے کم ہو کر 4 ارب ڈالرز کی کم ترین سطح پر آ چکے، جبکہ مہنگائی کی سالانہ شرح 200 فیصد اضافے سے 12 فیصد سے بڑھ کر 35 فیصد سے زائد ہو چکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں