لاہور: ہائیکورٹ نے شہر میں عیدالفطر تک مارکیٹیں اور دکانیں رات ایک بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے عید الفطر تک مارکیٹیں رات ایک بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی جبکہ درخت کاٹنے کی اجازت دینے والے افسران کے خلاف فوری مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ درختوں کی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں ہو گی،عدالت نے واسا کو لاہور کے انڈر گراؤنڈ پانی کی سطح دوبارہ چیک کرنے کا بھی حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نجی ہاؤسنگ سوسائیٹز کو راستے کی اجازت دینے پر ڈی جی پی ایچ اے کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی عندیہ دیا اور ریمارکس دئیے کہ اجازت نامے سے درخت کاٹنے ثابت ہو گئے تو ڈی جی پی ایچ اے کیخلاف عدالت خود مقدمہ درج کرائے گی،درخت کاٹنا انسانی قتل جیسا ہے،گلوبل وارمنگ ہم سے دور نہیں بلکہ آ چکی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک سے متعلق کیس میں عید تک بیکریوں کو رات ایک بجے تک کھولنے کی اجازت دی جبکہ حکومت کو ماحولیاتی سفیر مقرر کرنے کا بھی حکم دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے شہر میں جگہ جگہ انڈر پاسز بنانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ جہاں دل کرتا ہے انڈر پاس بنا دیتے ہیں،سڑکوں کی ری ماڈلنگ کے بجائے انڈر پاسز بنائے جا رہے ہیں،مسائل پھر بھی حل نہیں ہو رہے بلکہ بڑھ رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے،ان کے پاس کیمرے اور دیگر آلات ہونے چاہئیں،ٹریفک پولیس کو مزید طاقتور کرنے کی ضرورت ہے،واٹراینڈانوائرمنٹل کمیشن آئندہ سماعت پر ماحولیاتی سفیر کے لیے نام تجویز کرے۔
61