58

گورنر سندھ کا گیس کا مسئلہ حل نہ ہونے پر شہریوں کو انوکھا مشورہ سوئی گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تو عوام گیس کے بل گورنر ہاؤس میں جمع کرا دیں۔ کامران ٹیسوری کی گفتگو

کراچی : گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے گیس کا مسئلہ حل نہ ہونے پر شہریوں کو انوکھا مشورہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقہ بہادر آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تو عوام گیس کے بل گورنر ہاؤس میں جمع کرا دیں، ایم ڈی سوئی گیس نے 1 ہفتے میں گیس کی فراہمی کا یقین دلایا ہے، گیس کے مسائل حل نہیں ہو سکتے تو بل کو صفر کیا جائے۔گورنرسندھ نے کہا کہ ہر صاحبِ اختیار کو عوام کے درمیان جانا چاہیے، صوبے کے دیگر شہروں میں بھی سحر و افطار کروں گا، تنقید کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں، میں اپنا کام کرتا رہوں گا، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا میرا عزم ہے، عیدالفطر کے بعد 50 ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے، ون پلس ون فارمولے کے ذریعے کئی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔چند روز قبل گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تحریک انصاف کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان جس ایجنڈے پر چل رہے ہیں اس کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے، ملک اور اداروں کو بدنام کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، قوم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، افواج کیخلاف مہم ملک کو کمزور کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے فرامین پر چل کر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، ہمیں ملکی معیشت کو مضبوط کرنا ہے، ہم سب ایک قوم ہو کر آگے بڑھیں گے، حکومت کی کوشش ہے مہنگائی کے اس طوفان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں، کچھ چیزوں میں عدم استحکام ہے اور معیشت میں بھی عدم استحکام ہے، ہمیں ملک کی چاروں اکائیوں کو مضبوط کرنا ہے۔کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ہم کب برادر ممالک سے ٹیکسز کی چھوٹ مانگتے رہیں گے؟ ماضی میں حکومتوں نے آئی ایم ایف سے قرض لے کر سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ مزید قرض کیلئے آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلائے، ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے اور اس کیلئے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ہمارا پڑوسی ملک بھارت 650 بلین ڈالر اور بنگلہ دیش90 بلین ڈالرز سے بھی زائد کا زرمبادلہ رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں