لاہور: احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔لاہور کی احتساب عدالت نمبر 5 کے جج ساجد علی اعوان نے آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت کی۔وزیر اعظم شہباز شریف کے پلیڈر انوار حسین حاضری کے لیے پیش ہوئے، عدالت نے شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے، فواد حسن فواد کے پلیڈر بھی عدالت میں حاضری کے لئے پیش ہوئے، انہیں بھی عدالت نے حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔اس کے علاوہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے اور وزیرِ اعظم کے مشیر احد خان چیمہ، شریک ملزم ندیم ضیا پیرزادہ، کامران کیانی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ملزمان میں ضمنی ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کر دیں، نیب نے شریک ملزمان کی حد تک ضمنی ریفرنس دائر کیا۔شریک ملزم کامران کیانی نے بریت کی درخواست دائر کر دی، کامران کیانی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نیب تفتیش میں شامل ہوا، میرے خلاف کوئی شواہد نہیں، بری کیا جائے۔بعد ازاں کیس کی سماعت 8اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
67