لاہور : مزید چند روزے ٹھنڈے موسم میں گزریں گے، ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارشوں اور ژالہ باری کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، اسلام آباداور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب اورکشمیرمیں چند مقامات پرموسلادھار بارش متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر شہروں لاہور، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ ، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، ساہیوال، رحیم یار خان، پاکپتن، راجن پور، خانیوال، بہاولنگر ، میانوالی، ننکانہ صاحب اور گردونواح میں تیز ہوائوں و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔یہاں واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی ماہرین موسمیات نے بیشتر روزے ٹھنڈے موسم میں گزرنے کی پیشن گوئی کی تھی۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے تاحال موسم قدرے ٹھنڈا ہے، ماہرین کے مطابق بارشوں کی وجہ سے موسم گرما کا آغاز گزشتہ سال کے مقابلے میں قدرے دیر سے ہو گا۔
63