49

ایک جج دستبردار ہو گیا، یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ سب ٹھیک نہیں سیاست جس نہج پر پہنچ چکی ہے سپریم کورٹ کو خود کو اس سے محفوظ رکھنا چاہئیے،سیاست سیاستدانوں تک رہنے دیں،ججز ادارے کی عزت کی حفاظت کریں۔وزیر دفاع خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سیاست جس نہج پر پہنچ چکی ہے سپریم کورٹ کو خود کو اس سے محفوظ رکھنا چاہئیے،سیاست سیاستدانوں تک رہنے دیں۔خواجہ آصف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک جج کے دستبردار ہونے سے نیا بنچ بنے گا۔یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ سب ٹھیک نہیں۔سپریم کورٹ کو آئین کی حفاظت کرتے ہوئے متحد نظر آنا چاہئیے،سپریم کورٹ پاکستان میں انصاف کا سب سے بڑا ادارہ ہے،ججز ادارے کی عزت کی حفاظت کریں۔یہ ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ تمام ادارے انتشار کا شکار ہیں۔عدالت عظمیٰ تاریخی موڑ پر کھڑی ہے۔ عدالت عظمی کا کردار تاریخ ساز ہو گا، آئین نے ججز پر جو فرض عائد کیا ہے اس کی ادئیگی وقت کی اشد ضرورت ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کیا ثاقب نثار اور کھوسہ صاحب نے پلڑے بھاری رکھے تھے۔اگر آج مریم نواز کہہ رہی ہیں تو وہ یاد دہانی کروا رہی ہیں۔معزز جج صاحب کا عہدہ تقاضا کرتا ہے کہ پلڑے بھاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست جس نہج پر پہنچ چکی ہے سپریم کورٹ کو خود کو اس سے محفوظ رکھنا چاہئیے سیاست سیاستدانوں تک رہنے دیں۔خیال رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ ملتوی کرنے کے خلاف سماعت کرنے والاسپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ٹوٹ گیا ہے۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ جسٹس امین الدین نے کیس کی سماعت سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ٹوٹ گیا ہے۔جسٹس امین الدین نے کہا کہ کل کے حکم کے بعد بنچ کا مزید حصہ نہیں رہ سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں