ملکۂ کوہسار مری میں مسلسل برفباری کے باعث سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور برف ہٹانے کے لیے عملہ اور مشینری طلب کر لی گئی ہے۔برفانی صورتحال کے باعث بالائی اور مضافاتی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہے۔ متعدد سڑکوں پر گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔ایبٹ آباد کے گلیات میں بھی برفباری کی شدت کے سبب مری روڈ بند کر دی گئی ہے، پولیس نے ہر نوکے مقام پر ناکہ لگا کر سیاحوں کو نتھیاگلی جانے سے روکا۔ مری روڈ پر ٹریفک پولیس اور ریسکیو اہلکار پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ برفباری جمعہ کی شام تک جاری رہ سکتی ہے۔ شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔