5

یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات، ویڈیو پیغام جاری

پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو جاری دبئی کے ویزوں کی تصدیق جنرل ڈائر یکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ابوظہبی، شارجہ، ام القوین، فجیرہ، عجمان اور راس الخیمہ سے جاری ویزوں کی تصدیق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی سے کی جاسکتی ہے۔ قونصل جنرل نے آگاہ کیا کہ نوکری کی غرض سے یو اے ای آنے والے اپنی تفصیلات کی سرکاری چینلز کے ذریعے تصدیق کریں۔ ویڈیو پیغام میں تمام پاکستانیوں کو صحت اور لائف بیمہ کے ساتھ ساتھ ملازمت سے محرومی کا بیمہ حاصل کرنے کی ترغیب دی گئی۔ پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای میں سیاحوں/ زائرین کے طور پر داخل ہونے والے تمام پاکستانیوں کو درج ذیل ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ مندرجہ ذیل میں سے کسی کی تعمیل کرنے میں ناکامی آپ کو ملک میں داخلے سے منع کرنے کا ذمہ دار بناتی ہے۔ آپ کا پاسپورٹ کم از کم اگلے 6 ماہ کے لیے کارآمد ہونا چاہیے۔ آپ کے پاس درست اور مناسب ویزا ہونا ضروری ہے۔ جن کے پاس سرکاری یا سفارتی پاسپورٹ ہیں، انہیں اپنا ویزا متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے اسلام آباد یا متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کراچی سے حاصل کرنا ہوگا اور انہیں ٹورازم ایجنسیوں کے ذریعے ویزا حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ آپ کے پاس متحدہ عرب امارات میں ہوٹل کی بکنگ ہونی چاہیے۔ آپ کے پاس کم از کم 3000 درہم نقد یا ایک فعال کریڈٹ کارڈ ہونا ضروری ہے۔ اگر اسپانسر کا ذکر کیا گیا ہو، تو اسپانسر کا نام اور رابطہ تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہے۔ آپ کے پاس واپسی کا درست ٹکٹ ہونا ضروری ہے اور ٹکٹ پر واپسی کی تاریخ ویزا کی معیاد ختم ہونے سے پہلے کی ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں