17

شاعر مشرق علامہ اقبال کا آج 86 واں یوم وفات

شاعر مشرق علامہ اقبال وہ شخصیت ہیں جنہوں نے برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے لیے سب سے پہلے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا جس کو بعد ازاں قائد اعظم نے تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ مل کر جمہوری جدوجہد سے تعبیر بخشی۔ آج ان ہی علامہ اقبال کی 86 ویں برسی ہے علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو اس جہان فانی سے رخصت ہوئے اور لاہور میں بادشاہی مسجد کے قریب ان کا مزار ہے۔ علامہ اقبال کو انہیں اپنی قوم سے بچھڑے 86 برس ہو چکے ہیں مگر ان کی تعلیمات آج بھی پاکستانیوں کے دلوں میں زندہ ہیں او رقوم آج ان کا 86 واں یوم وفات عقیدت واحترام کے ساتھ منا رہی ہے 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں علامہ اقبال جیسی مدبراور دو راندیش شخصیت نے جنم لیا جنہیں تا قیامت سنہری الفاظ میں یاد کیا جائے گا۔ علامہ محمد اقبال ہی وہ انمول شخصیت ہیں،جنہوں نے تصوّر پاکستان پیش کر کے برصغیر کے مسلمانوں کی جدو جہد آزادی کو پہلی دفعہ باقاعدہ شکل میں پیش کیا انہیں عالم اسلام کے ایک معروف شاعر فلسفی اورمفّکر کی حیثیت سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ اقبال نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لیے نسلی و فرقہ وارانہ تفریق کو بالائے طاق رکھ کر باہم متحد ہونے کی تلقین کی بحیثیت قوم ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا چاہیے کہ علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں