25

سابق صوبائی وزیر کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

پشاور ُ : صوبہ خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ نے بھی تحریک انصاف سے راہیں جدا کرلی ہیں، اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کسی کے دباؤ میں یہ فیصلہ نہیں کر رہا، میں 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے ساتھ رہنا اپنی توہین سمجھتا ہوں، یہ میری نظر میں ناقابل معافی ہے، اس لیے میں اپنی پارٹی کی رکنیت سے ابھی استعفیٰ دیتا ہوں، جنہوں نے ملک کے دفاع کا بیڑہ اٹھایا ہے ان سے تو بے وفائی کا سوچ بھی نہیں سکتا، جو لوگ ریاستی اداروں سے ٹکر پر اتر آئے ہیں ان کے ساتھ نہیں چل سکتا، پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ملک کے وقار کو مجروح کیا ہے۔خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ نے کہا کہ میں آج سیاستدان کی حیثیت سے نہیں ایک عام شہری کی حیثیت سے آیا ہوں، آج موجودہ منظرنامہ دیکھتے ہوئے فیصلہ اور پوزیشن واضح کرنا چاہتا ہوں، میں مزید خاموش نہیں رہ سکتا، اپنے سیاسی کریئر پر فخر ہے کیونکہ عوامی نمائندہ ہوں، عوام ہی کی وجہ سے آج یہاں موجود ہوں، عوام کے ووٹ نے مجھے 2018 میں بھاری اکثریت دی، عوام سے صرف ووٹ کا رشتہ نہیں بلکہ عزت و غیرت کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے کام سے روکتے ہوئے میری وزارت تبدیل کی گئی کیوں کہ میری سوچ اور میرے قائدین کی سوچ میں فرق تھا، لیکن آج مجھے کسی قسم کا کوئی افسوس نہیں ہے، سیاسی اختلاف ہر پارٹی میں ہوتے ہیں، میں خوش قسمت ہوں جس نے کبھی اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا، میرا عزم تھا کہ پی ٹی آئی ہی میری پہلی و آخری پارٹی ہوگی، میں نے ہمیشہ مفاہمت اور امن کی بات کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں